منگل 4 نومبر 2025 - 12:43
پیغامِ انسانیت قرآن و سنت کی اصل تعلیمات کی نمائندگی کرتا ہے، مولانا خورشید جمیل ندوی

حوزہ/ یہ تحریک دراصل انسانوں کے درمیان اخوت، ہم دردی اور باہمی احترام کی بنیاد کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے، جس کی آج دنیا کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریکِ پیامِ انسانیت مغربی بنگال کے دفتر (71 جی، تلجلہ روڈ، کلکتہ) میں ایک پُروقار مجلسِ استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا؛ جس میں مولانا خورشید جمیل ندوی (امام جامع مسجد دبئی) کی آمدِ شہرِ نشاط کے موقع پر اُن کا پُرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔

پروگرام کی صدارت ڈاکٹر صباح اسماعیل ندوی، علیگ (ڈائریکٹر، جبریل انٹرنیشنل اسکول) نے فرمائی، جنہوں نے اپنے استقبالیہ کلمات میں تحریکِ پیامِ انسانیت کی خدمات اور اس کے پیغامِ خیر و محبت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "یہ تحریک دراصل انسانوں کے درمیان اخوت، ہم دردی اور باہمی احترام کی بنیاد کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے، جس کی آج دنیا کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔”

اس موقع پر مولانا خورشید جمیل ندوی نے اپنے خطاب میں تحریک کے اغراض و مقاصد کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ “پیغامِ انسانیت قرآن و سنت کی اصل تعلیمات کی نمائندگی کرتا ہے، جو انسانوں کے دلوں کو جوڑنے کا پیغام دیتا ہے۔” پروگرام کے اختتام پر مولانا خورشید عالم ندوی نے تمام مہمانان و شرکاء کا شکریہ ادا کیا، جبکہ مولانا خورشید عالم ندوی (کلکتہ پیامِ انسانیت آفس کے ذمہ دار) نے پیامِ انسانیت کے کام کے دوران رونما ہونے والے اور دلوں کو چھو لینے والے قصے سنائے کہ انسانیت کی خدمت کے دوران کیسے کیسے سنگدل لوگوں کے دل نرم ہوئے اور بھائی چارگی کی آواز پر لبیک کہا۔

اس مجلس میں شہر کی متعدد علمی و دینی شخصیات شریک ہوئیں، جن میں بالخصوص مولانا جاوید عباس ندوی، مولانا شہادت حسین ندوی، مولانا شبیر احمد، مولانا غلام ربانی، مولانا موسی امام قاسمی اور مولانا احمد علی ندوی کے اسمائے گرامی قابلِ ذکر ہیں۔

خوشگوار اور روحانی فضاء میں پروگرام کا اختتام ہوا اور شرکاء نے اس مجلس کو تحریکِ پیامِ انسانیت کے لیے ایک مفید و بامقصد پیش رفت قرار دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha